اوول: (دنیا نیوز) آئی سی سی ورلڈکپ کرکٹ میچ کے دوران آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دیدی۔ مچل سٹارک کی تباہ کن باؤلنگ کے بعد 334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگر کی ٹیم 247 رنز پر ہمت ہار گئی جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران پروٹیز ٹیم کو بھی پہلی فتح مل گئی۔
سری لنکا کی اننگز۔۔۔۔
سری لنکا کے اوپنر کروراتنے اور کوشل پریرا نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ پہلا نقصان 115 سکور پر ہوا جب مچل سٹارک نے پریرا کو آؤٹ کیا، انہوں نے 36 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ ان کی اس اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دوسری وکٹ تھریمانے کی گری جو 16 رنز بنا کر بہرنڈورف کی گیند پر وکٹ کیپر کیری کو کیچ دے بیٹھے۔
میچ کی براہ اراست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں
تیسری وکٹ کپتان کروراتنے کی صورت میں گری جو نروس نائٹیز کا شکار ہو گئے اور 97 رنز کی اننگز کھیل کر رچرڈسن کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ مینڈس نے 30 رنز بنائے۔ دیگر 6 بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 45.5 اوورز میں 247 پر ڈھیر ہو گئی۔ مچل سٹارک نے 4 شکار کیے۔
آسٹریلیا کی اننگز۔۔۔
سری لنکا کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے کینگروز ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی گئی۔ آسٹریلوی ٹیم کے اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کیخلاف سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 48 گیندوں پر صرف 26 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے انہیں ڈی سلوا نے آؤٹ کیا۔
کپتان ارون فنچ نے گراؤنڈز کے چاروں طرف شارٹس کھیلے تاہم دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ 10 رنز پر چل دیئے۔ سٹیو سمتھ نے فنچ کیساتھ جارحانہ اننگز کھیلی اور سکور کوتیزی سے آگے بڑھایا۔ سمتھ 73 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان نے 132 گیندوں پر 153 رنز کی جارحانہ باری کھیلی ان کی اس اننگز میں 15 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، گلین میکسیویل نے 25 بالز پر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
تاہم دیگر کوئی بھی بیٹسمین بڑی اننگز میں کامیاب نہ ہو سکا۔ مقررہ اوورز میں کینگروز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنا سکی۔ ڈی سلوا اور اوڈانا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ساؤتھ افریقہ بمقابلہ افغانستان
دوسرے میچ میں ساؤتھ افریقہ نے افغانستان کو بآسانی ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح کو گلے لگایا۔
افغانستان کی اننگز۔۔۔۔۔
پہلے کھیلتے ہوئے افغانستان کی ٹیم 24.1 اوورز میں 125 پر ہمت ہار بیٹھی، حضرت اللہ زازائی 22، نور علی زردان32، راشد خان 35 رنز کے علاوہ دیگربیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ آٹھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔ عمران طاہر نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، مورس کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔ پھلواکیو نے دو شکار کیے۔
ساؤتھ افریقہ کی اننگز۔۔
پروٹیز کی ٹیم نے 126 رنز کا ہدف با آسانی 29 اوورز میں حاصل کر لیا۔ اوپنر ڈی کوک نے شاندار 68 رنز کی باری کھیلی۔ ان کی اس اننگز میں 8 چوکے شامل تھے اور گلبدین نائب کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہاشم آملہ نے 41 رنز بنائے۔ افغانستان کی طرف سے گلبدین نائب نے ایک وکٹ حاصل کی۔