لندن: (دنیا نیوز) قومی فاسٹ بولر محمد عامر کے لیے ورلڈکپ نیک شگون ثابت ہو گیا، دو سال کی بری فارم اور چکن پاکس کو آل آؤٹ کرنے والے پیسر نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ وکٹوں کی کیرئر بیسٹ پرفارمنس دی، ساتھ ایونٹ میں بھی ٹاپ وکٹ ٹیکر بن گئے، کہتے ہیں پلان کے مطابق بولنگ کرائی تو کامیابی ملی۔
ٹاؤنٹن کے میدان میں محمد عامر اِن ایکشن ہوئے، کینگروز کے خلاف میدان میں آئے اور چھا گئے، کپتان ایرون فِنچ کو پہلا پنچ مارا پھر خطرے کا نشان بننے والے عثمان خواجہ کو میدان بدر کیا۔
شان مارش اور ایلیکس کیری کے بعد مچل اسٹارک کا بھی اسپارک ختم کر دیا، تیس رنز کے عوض پانچ شکار کئے، دو سال سے آؤٹ آف فارم محمد عامر نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف کیرئر کی بہترین بولنگ پرفارمنس دے دی۔
اس سے پہلے انگلینڈ اور ویسٹ انڈٰیز کے خلاف بھی وہ وکٹیں اڑانے کی دھاک بٹھا چکے ہیں، ایونٹ میں دس شکار کے ساتھ وہ ٹاپ پر ہیں، محمد عامر نے آخری بار چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں تین بھارتی مہرے کھسکائے تھے۔