کپتان سرفراز احمد نے شکست کا ملبہ خراب بیٹنگ پر ڈال دیا

Last Updated On 13 June,2019 11:04 am

ٹاؤنٹن: (دنیا نیوز) کپتان سرفراز احمد نے شکست کا ملبہ خراب بیٹنگ پر ڈال دیا۔ انکا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف خراب بیٹنگ کی وجہ سے میچ ہارے۔ گرین شرٹس کی باری کے دوران حسن علی اور وہاب ریاض نے آخری لمحات میں اچھی باری کھیلی۔

میچ کے اختتام پر گفتگوکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم آخری لمحات تک لڑے لیکن جیت کینگروز کی ٹیم کا مقدر بنی، آسٹریلیا کی باری کے دوران پہلے بیس اوورز میں ضرورت سے زیادہ سکور پڑچکا تھا تاہم محمد عامر کی شاندار باؤلنگ کی وجہ سے حریف ٹیم بڑا ٹوٹل بنانے میں ناکام رہی۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں میگا ایونٹ کے باقی میچز جیتنے ہیں تو ٹاپ آرڈر کو بیٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا حالانکہ امام الحق نے آج ففٹی رنز بنائے، بابر اعظم نے 30 کی باری کھیلی، تاہم دیگر پلیئرز کو رنز بنانا ہوں گے تاکہ باقی میچ جیت سکیں۔

بھارت کے خلاف میچ کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگلا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف ہے جس میں ہم اچھی کارکردگی دکھا کر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان ارون فنچ کا کہنا تھا کہ حسن علی اور وہاب ریاض نے اچھی بیٹنگ کی، جب وہ بیٹنگ کر رہے تھے ایسا لگ رہا تھا کہ ان کو روکنا مشکل ہو جائے گا لیکن ہماری ٹیم نے اچھی باؤلنگ کی اور اننگز کے دوران یارکر اور لائن اینڈ لینتھ پر باؤلنگ کے نتائج ملے جس سے حسن علی اور وہاب ریاض کو جلد آؤٹ کر سکے۔

 

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شروع میں رنز تیزی سے بن رہے تھے تاہم آخری اوورز میں رنز نہ بنا سکے اور مجھے افسوس ہے کہ ہم 50 اوورز بھی مکمل نہ کھیل سکے۔ بیس سے تیس رنز ابھی بھی کم بنائے۔ ہم آئندہ میچوں میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ میچ جیتنے کےبعد دو پوائنٹس حاصل کرنا ٹیم کے لیے بہت بہتر ہے۔

فنچ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے میچ سے قبل ہمارا بہترین آل راؤنڈر زخمی ہو گیا تھا جس کی وجہ سے ہمیں ایکسٹرا فاسٹ باؤلر کھلانا پڑا۔ میکسیویل نے بھی آج اچھی باؤلنگ کی جس کے بعد میں نے دو اوور کیے جس کا فائدہ مجھے حفیظ کی وکٹ کی صورت میں ملا۔