لندن: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ کے دوران اہم نقصان اٹھانا پڑ گیا، ٹیم کے اوپنر شیکھر دھون انگوٹھا ٹوٹنے کی وجہ سے ورلڈکپ سے آئوٹ ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق شکھر دھون انگوٹھا ٹوٹنے کی وجہ سے تین ہفتے کیلئے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹرز نے کم سے کم تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس دوران وہ اہم ترین میچوں کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے۔
بھارتی اوپنر دھون نے آسٹریلیا کیخلاف میچ میں 117 رنز کی باری کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ نیتھن کولٹر نائل کی ایک گیند ان کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کو لگی تھی جس سے زخمی ہوئے۔ دھون زخمی انگوٹھے کے باوجود کھیلتے رہے۔
یاد رہے کہ ابھی تک کوہلی الیون نے ورلڈ کپ کے دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں ہی جیتے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ کیلئے نئی سردرد اٹھا رہی ہے کہ اوپنر روہت شرما کیساتھ کسے بھیجا جائے۔ ورلڈ کپ کیلئے رشب پانٹ ، شریاس ائیر اور امباتی رائیڈو اضافی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ جنہیں طلب کیا جا سکتا ہے۔