لندن: (دنیا نیوز) ورلڈکپ میں بال ٹمپرنگ کا تنازع کھڑا ہو گیا، بھارت کے خلاف ہارنے والے میچ میں آسٹریلوی سپنر ایڈم زمپا جیب اور ہاتھ میں لیے سفید میٹریل سے بال رگڑتے پکڑے گئے، کیمرے کی آنکھ میں سب محفوظ ہو گیا اس کے باوجود کپتان ایرون فنچ نے آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے الزام مسترد کر دیئے۔
جنٹلمین گیم میں ایک اور سکینڈل، ورلڈکپ میں بھارت اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے میچ میں بال ٹمپرنگ کا شور مچ گیا، آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زمپا سفید میٹریل سے گیند خراب کرتے پائے گئے، جیب اور پھر ہاتھ میں رکھے سفید میٹریل سے بال ٹمپرنگ کرنا کیمرے میں محفوظ ہو گیا۔
ویڈیو اور تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بولنگ کے دوران ہوئے بولر بار بار جیب سے ہاتھ نکال کر بال رگڑ رہے ہیں، کیمرے نے جہاں اس منظر کو دکھایا وہیں سوشل میڈیا پر میچ کے دوران ہی نیا کھیل شروع ہو گیا۔ ادھر کپتان ایرون فنچ نے آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے ٹمپرنگ الزام کو مسترد کر دیا کہ ایڈم زمپا تو صرف ہاتھ خشک کر رہے تھے۔
اس سارے منظر کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یہ گذشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بال ٹمپرنگ کی دوسری قسط ہے۔ جس میں سٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ بال ٹمپرنگ سکینڈل کے مجرم بنے، سزا کے حقدار ٹھہرے اور اب پابندی کے بعد سمتھ اور وارنر ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنے۔