ورلڈ کپ 2019ء: بھارت نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دیدی

Last Updated On 10 June,2019 12:49 pm

لندن: (دنیا نیوز) اوول میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے چودھویں میچ میں انڈین ٹیم نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دیدی ہے۔ کینگروز 353 رنز کے تعاقب میں 316 رنز بنا سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سمتھ 69 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں وارنر 56، فنچ 36، عثمان خواجہ 42، میکسویل 28، اے ٹی کیری 55 رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

اںڈیا کی جانب سے بھونیشور کمار اور بھمرا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ چاہل کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔

خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے تھے۔

انڈین ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے روہت شرما اور شیکھر دھون کو میدان میں اتارا۔ دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے آسٹریلین گیند بازوں کی خوب درگت بنائی۔

انڈین اننگز کی خاص بات شیکھر دھون کی دھواں دار سنچری تھی۔ انہوں نے 109 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 16 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں کپتان ویرات کوہلی نے بھی شاندار بلے بازی کی۔ انہوں نے 77 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ اوپنر روہت شرما نے 70 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں پانڈیا نے 48 جبکہ دھونی نے 27 رنز بنائے۔ کے ایل راہول نے 11 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سٹونیس نے دو جبکہ کمنز، سٹارک اور کلٹر نیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں۔