اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت نے پاکستان سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر دی، پاکستان نے کشمیر اور دہشتگردی سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق قیام امن کیلئے مذاکرات کی پاکستانی پیشکش پر بھارت نے مثبت جواب دیا ہے۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو بھارتی ہم منصب نے جوابی خطوط لکھے ہیں۔ جوابی چٹھیاں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خط کے جواب میں لکھے گئے۔ دونوں خطوط باضابطہ سفارتی چینلز کے ذریعے پاکستان کو موصول ہوئے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور ازسرنو مذاکرات کی بات کی گئی۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے، خطے میں امن چاہتے ہیں، ہمیشہ عوام کی ترقی کو ترجیح دی، پاکستان کی طرف سے بھی اس جذبے کو سراہا گیا ہے، پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات پر تیار ہیں، مذاکرات میں دہشتگردی کے معاملے پر خصوصی توجہ ہونی چاہئے۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ جلد ہی اپنے بھارتی ہم منصبوں کے خطوط کا جواب دیں گے۔