اسلام آباد: (دنیا نیوز)معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ علی محمد مہر کے انتقال پراہل خانہ سے تعزیت پر وزیراعظم کو شوکاز نوٹس کسی تعجب سے کم نہیں، وزیراعظم نے وہاں میڈیا سے کوئی گفتگو نہیں کی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے وزراء الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑا رہے ہیں،اس کاامیدوار سندھ پولیس کے پروٹوکول میں اپنی انتخابی مہم چلا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن ان بے ضابطگیوں پر کیوں خاموش ہے، ان کا نوٹس کیوں نہیں لیا جا رہا۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے علی محمد مہر کی تعزیت کے موقع پر روایتی سیاستدانوں کی طرح نہ ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کئے نہ میڈیا سے گفتگو کی جبکہ وزیراعلی سندھ کی طرف سے پیکیج ،سینکڑوں نوکریاں، اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلان کیے گئے ۔ حیرت ہے کہ وزیراعظم کو شوکاز نوٹس کیوں جاری کیا گیا۔