کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان بورڈ اف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کا اعلان کر دیا، پہلی تین پوزیشن بی آر سی لورالائی نے حاصل کیں۔
بلوچستان بورڈ کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات 2019ء 14 فروری کو شروع ہوئے اور 13 مارچ کو اختتام پذیر ہوئے۔ صوبے بھر سے ایک لاکھ چوبیس ہزار 9 سو 13 امیدواروں نے اس میں حصہ لیا۔
نہم جماعت کے 58 ہزار ایک سو 9 امیدواروں میں سے 43 ہزار دو سو 48، دہم جماعت کے 66 ہزار 8 سو 4 میں سے 60 ہزار 3 سو 35 طلبہ کامیاب ہوئے۔
نتائج کے مطابق کل ایک لاکھ 3 ہزار 5 سو 83 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ نتائج کا تناسب 82 اعشاریہ 92 فیصد رہا۔ امتحانات میں پہلی 3 پوزیشن بی آرسی لورالائی نے حاصل کیں۔
پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے نجیب اللہ نے ایک ہزار 54 نمبر حاصل کئے جبکہ عبداللہ ایک ہزار 43 نمبر لے کر دوسری اور سیف الدین نے ایک ہزار 38 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کیں۔