اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ طویل مذاکرات کے بعد ہمارا یورپی یونین کے ساتھ سٹریٹجک پلان پر معاہدہ طے پا گیا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا برسلز روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپین یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں۔ گاہے بگاہے ہم ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے رہے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھی بھی رہے ہیں، اب انشا اللہ مستقبل میں ایک نئی سمت میں آگے بڑھنے کا ارادہ ہے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ یورپین یونین کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد ہمارا سٹریٹجک پلان پر معاہدہ طے پا گیا ہے، 25 تاریخ کو میں ان کی اعلیٰ سطح عہدیدار فیڈریکا موگرینی کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط کرونگا۔ اس معاہدہ سے ہمارا یورپین یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز ہو رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ ایک بہت اچھی پیشِرفت ہے کیوںکہ ہماری خواہش تھی کہ یہ معاہدہ اپنی تکمیل کو پہنچے۔ برسلز میں نیٹو کا ہیڈ کوارٹرز بھی ہے، مجھے وہاں جانے کا موقع بھی ملے گا۔ نیٹو ہیڈ کوارٹرز میں میری نیٹو کے جنرل سیکرٹری سے بھی ملاقات ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ نیٹو کے ساتھ ہمارا تعاون رہا ہے۔ افغانستان کے معاملات میں ہم نے امریکی اور نیٹو فورسز کی بے پناہ مدد کی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں ہمارا کلیدی کردار رہا ہے اور نیٹو اس کا معترف بھی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ساتھ دفاعی اور سیکورٹی معاملات میں ہمارا نیٹو کیساتھ ایک تعلق رہا ہے جسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔