بشکیک: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے انتہا پسندی کی بنیاد پر الیکشن جیتا وہ ابھی الیکشن کے اثر میں ہی ہیں، ان کے حکمران سمجھتے ہیں کہ مذاکرات سے ان کی سیاست متاثر ہوگی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بشکک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کی بھارتی وزیراعظم سے کوئی ملاقات طے نہیں تھی، اگر بھارت بات چیت پر تیار نہیں ہے تو پاکستان کو بھی جلدی نہیں، پاکستان انتظار کر سکتا ہے، مذاکرات ہونگے تو باوقار طریقے سے ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہندوستان نے جارحیت کی جس کا ہم نے منہ توڑ جواب دیا، بھارت نے وزیر اعظم کیلئے فضائی حدود استعمال کی اجازت مانگی، پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت انہیں اجازت دی، اجازت کے باوجود انہوں نے لمبا راستہ اختیار کیا، وہ سمجھتے ہیں اس وقت پاکستان کے ساتھ آگے بڑھنا ان کیلئے مناسب نہیں، پاکستان ایک پر امن ملک ہے، ہمارا موقف ساری دنیا کے سامنے ہے۔