بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے، شاہ محمود

Last Updated On 09 June,2019 10:55 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا دشمن سازشی ہے جو ہر وقت نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ملتان میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کو اقتدار میں آئے 10 ماہ ہو گئے، اس دوران بہت مشکلات دیکھیں۔ہماری حکومت کو بہت اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پوری قوم یکجا تھی۔ بھارت نے 1971ء کے بعد ملکی حدود کی خلاف ورزی کی جس کا بھرپور جواب دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرونی جارحیت کے ساتھ اندرونی انتشار بھی ورثے میں ملا۔ دہشت گردی کی جنگ میں ہمارے معصوم شہری اور سیکیورٹی کے جوان شہید ہوئے جبکہ افغانستان سرحد پر شورش پیدا کی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا۔ جب حکومتیں درست فیصلے کرتی ہیں تو حالات بہتر ہوتے ہیں۔ پاکستان میں انتشار پھیلانے والی قوتوں کو شکست ہوئی۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دشمن سازشی ہے جو ہر وقت نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔ پاکستان کا دشمن ہر فورم استعمال کرتا ہے۔ دشمن نے پچھلے دنوں او آئی سی میں بھی گھسنے کی کوشش کی لیکن اسے منہ کی کھانا پڑی۔ او آئی سی میں پاکستان کے حق میں قرارداد پاس ہوئی۔

پوری دنیا میں پاکستان کا مقدمہ لڑرہا ہوں۔ بھارت پوری دنیا میں پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا اور بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کشمیر جنوبی ایشیا کا فلیش پوائنٹ ہے۔ کشمیر کو عالمی فورم پر اجاگر کرنے میں ہمیں کامیابی ہوئی۔