ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود کا کہنا ہے کہ نئی بھارتی حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، دونوں ہمسایہ ممالک کو خطے میں امن کے قیام کیلئے مذاکرات کی میز پر بیٹھنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کا قیام خواہش بھی ہے اور ترجیح بھی، افغانستان خطے میں اہم ملک ہے، افغانستان سے ملحقہ تمام ہمسایہ ممالک کا امن افغانستان سے وابستہ ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خواہش ہے افغانستان میں امن قائم ہو تاکہ پائیدار علاقائی استحکام کی راہ ہموار ہو، دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تشویش یے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر کے دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے، بدقسمتی سے پچھلی حکومتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں کیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، صوبے کے معاملے پر تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں، جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت کرنے والوں کو عوام صوبے میں قدم نہیں رکھنے دیں گے۔