ازبکستان اور پاکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات شروع

Last Updated On 27 May,2019 08:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ازبکستان کے وفد کی قیادت نائب وزیراعظم الیور گنیف جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کر رہے ہیں۔

 

ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے وفد میں سرمایہ کاری، بیرون ملک تجارت اور ٹرانسپورٹ کے نائب وزرا شامل ہیں۔ ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی اور تجارتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال جاری ہے۔

پاکستان اور ازبکستان کی قیادت کے مابین گزشتہ ملاقاتوں میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فریقین کا پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم کو 300 ملین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ازبک نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین معاشی شراکت داری اور خطے کے روابط بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

ازبک نائب وزیراعظم نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان گہری اقتصادی پارٹنرشپ کا راستہ ہموار ہوگا۔