لاہور: (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق انڈیا کے لہجے میں مٹھاس لانے کے لیے اب وہ اپنی انڈین ہم منصب سشما سوراج کو مٹھائی کے بدلے میں اپنے آبائی علاقے ملتان کا مشہور سوہن حلوہ بھیجیں گے۔
بدھ کو جدہ میں او آئی سی کے اجلاس کے موقع پر عرب اردو نیوز کے نمائندے نے وزیر خارجہ سے سوال کیا کہ انڈین وزیر خارجہ سشما سوراج نے شنگھائی کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ آپ کچھ کڑوی باتیں کرتے ہیں، اس لیے مٹھائی لائی ہوں تاکہ میٹھی باتیں کریں، زیادہ کڑوی باتیں تو نئی دہلی کی طرف سے ہوتی ہیں، کیا آپ سشما جی کے لیے ملتان کا سوہن حلوہ بھیجیں گے؟
اس سوال کے جواب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ملتان کا سوہن حلوہ ویسے بھی بہت مشہور اور بہت لذیذ ہے۔ ‘مجھے نہیں معلوم انڈین وزیر خارجہ سشما سوراج کو نئی کابینہ میں کیا ذمہ داری دی جاتی ہے تاہم وہ جہاں بھی ہوئیں انہیں ملتان کا سوہن حلوہ بھیجوں گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں ابھی اپنے سٹاف کو کہہ دیتا ہوں بشکیک کانفرنس میں سوہن حلوے کے ڈبے لے کر جانے ہیں۔