نیب آزاد اور خود مختار، کوئی قدغن نہیں لگا سکتا: وزیر خارجہ

Last Updated On 18 June,2019 09:35 pm

لندن: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جس پر کوئی قدغن نہیں لگا سکتا۔ احتساب کی زد میں آنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ آصف زرداری اور نواز شریف پر مقدمات پی ٹی آئی نے نہیں بنائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب نے اپنی دانست میں سمجھا تو ریفرنس دائر کر دیا، کیس اب عدالت میں عدالت فیصلہ کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ زرداری اور نواز شریف پر جو کیسز ہیں، وہ ان دونوں صاحبان نے خود ایک دوسرے پر بنائے تھے۔ ہم ان کے کیسز میں مداخلت نہیں کر سکتے۔ احتساب کی زد میں کوئی بھی آتا ہے تو نیب ایک ادارہ ہے جو قانون اور قاعدے کے مطابق اپنا کام کرے گا۔ نیب کا کام احتساب اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی اور کہا کہ سابق حکومتوں نے مفاد پرست پالیسیوں کے سبب پاکستان کو قرض کی دلدل میں پھنسایا اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ ہم پاکستانی معیشت کو دلدل سے نکال کر خود انحصاری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اولین کوشش ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے اور لوگ چھٹیاں گزارنے پاکستان آئیں۔ اس کے علاوہ آزادانہ خارجہ پالیسی کیلئے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونا ہوگا۔