اپوزیشن کی آل پار ٹیز کانفرنس 26 جون کو اسلام آباد میں ہو گی

Last Updated On 25 June,2019 03:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی آل پار ٹیز کانفرنس 26 جون کو اسلام آباد میں ہو گی، مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنماوں کی جانب سے تاریخ میں توسیع کی تجویز مسترد کر دی۔ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں اجلاس ملتوی کرنے سے منفی تاثر پیدا ہوگا۔

اپوزیشن جماعتوں کے تین رکنی وفد کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے کی تجویز دی جسے مسترد کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ تاریخ کی تبدیلی سے منفی پیغام جائے گا، آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو ہی ہو گی۔

مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے والوں میں احسن اقبال، راجہ پرویز اشرف اور امیر حیدر ہوتی پر شامل تھے، پیپلزپارٹی اور نون لیگ نے مشترکہ تجویز دی کہ اے پی سی کے دن قومی اسمبلی میں بجٹ پر کٹوتی کی تحاریک پیش ہونی ہیں، اس لیے 26 جون کے بعد کی تاریخ رکھی جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تاریخ تبدیل کرنے سے غلط تاثر پیدا ہو گا اور کانفرنس کے مقاصد کو نقصان پہنچے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اے پی سی مقررہ تاریخ پر ہی ہو گی۔