اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان صدر نے ملاقات کی ہے جس میں افغان مفاہمتی عمل اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
افغان صدر اشرف غنی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے افغان صدر کو خوش آمدید کہا۔
ملاقات میں مواصلات، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط بہتر بنانے پر خصوصی تبادلہ خیال ہوا اور خطے میں امن و اخوت کیلئے وضع کردہ حکمت عملی کو عوام کی بہتری اور بہبود کیلئے بروئے کار لانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا افغانستان اور پاکستان کے دیرینہ، جغرافیائی، تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان افغان امن عمل کیلئے کھلے دل، نیک نیتی سے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا یہی واحد راستہ ہے، اشرف غنی کے دورے سے دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے۔ افغان صدر اشرف غنی نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی کا نور خان ایئر بیس پہنچنے پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔