اسحاق ڈار سمیت دیگر سے جرمانے کی وصولی کی درخواست، ایڈووکیٹ جنرل طلب

Last Updated On 01 July,2019 03:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عطا الحق قاسمی، اسحاق ڈار، پرویز رشید اور فواد حسن فواد پر سپریم کورٹ کی جانب سے عائد جرمانے کی وصولی کی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل کو طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی وی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نذیر جواد نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کور ٹ نے آٹھ نومبر 2018ء کے حکم میں چار افراد پر انیس کروڑ اٹھہتر لاکھ سڑسٹھ ہزار چار سو اکانوے روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

اس جرمانے میں سے نصف رقم عطاالحق قاسمی، بیس بیس فیصد پرویز رشید اور اسحاق ڈار جبکہ دس فیصد رقم سابق وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد نے ادا کرنا تھی مگر کسی نے بھی جرمانہ ادا نہیں کیا۔

عطا الحق قاسمی نے نو کروڑ نواسی لاکھ سے زائد جرمانہ ادا کرنا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا ہائی کورٹ حکم دے سکتی ہے؟ اس پر عدالت نے معاونت کے لیے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کر دیئے اور سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی۔