اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی سیکرٹری میاں محمد مشتاق احمد نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا۔ 4 ہزار 316 درخواست گزار کامیاب قرار پائے۔
رواں سال سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار 316 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ کامیاب درخواست گزار 10 جولائی تک بینکوں میں پیکج کی رقم جمع کروا سکیں گے۔
کامیاب درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کر دیا گیا ہے۔ کامیاب درخواست گزار وزارت کی مختص کردہ بینکوں کی برانچوں میں رقوم اور فارم جمع کروا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم حج کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
نور الحق قادری نے بتایا کہ پہلی بار پاکستانی حجاج کو ای ویزا کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ عازمین حج کو 25 سے 58 ہزار روپے تک رقم واپس کی جائے گی۔ جبکہ عازمین حج کے لیے جدید ترین 20-2019ء کی ماڈل گاڑیاں حاصل کی گئی ہیں۔