ہری پور: (دنیا نیوز) تربیلا جھیل میں کشتی الٹنے سے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی امیدیں دم توڑنے لگیں، حادثے سے کچھ دیر پہلے کی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہو گئی۔ ایک متاثرہ شخص نے بتایا کشتی میں 6 گائے بھی موجود تھیں، حادثہ دو گائے کی لڑائی کی وجہ سے ہوا، حادثے میں بھائی اور ان کے 3 بچے ڈوب گئے۔
دنیا نیوز کو موصول ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کشتی مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی ہے، پانی کی تیز لہریں بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ ایک مسافر نے حادثے سے پہلے فوٹیج سوشل میڈیا پربراہ راست دکھائی۔
کشتی میں سوار نوجوان نے ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دریا بہت خطرناک ہے، سب دعا کریں جس کے بعد کشتی میں سوارافراد نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا۔
افسوس ناک حادثے کے بعد ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری ہے، فوج کے غوطہ خور اور ریسکیو اہلکار آپریشن میں شامل ہیں، جھیل میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ رات 11 افراد کو بچایا گیا، 3 بچوں کی لاشیں بھی نکالی گئیں۔