پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں سی ٹی ڈی نے جنرل بس سٹینڈ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی گرفتاری پر پانچ لاکھ روپے انعامی رقم مقرر کی گئی تھی۔ دوسری کارروائی میں پولیس اور حساس ادارے نے بھاری تعداد میں مارٹر گولے برآمد کرلیے جنہیں دہشت گردی کی غرض سے چھپایا گیا تھا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ اطلاع پر جنرل بس سٹینڈ پشاور میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ زیر حراست ملزم ساجد 2008 میں متنی کے علاقے میں پولیس پر حملے میں ملوث تھا۔ حملے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم جنگریز سے ہے۔ ملزم کی گرفتاری پرصوبائی حکومت نے 5 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری کارروائی میں پشاور کے نواحی علاقے متنی میں گشن گڑھ روڈ پر حساس اداروں کے مشترکہ آپریشن میں 29 مارٹر گولے برآمد کر لئے گئے، پولیس کے مطابق مارٹرگولے دہشت گردی کی غرض سے چھپائے گئے تھے۔ پولیس نے مارٹر گولے تحویل میں لیتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔