پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کا بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے، مجموعی حجم 800 ارب سے زائد ہوگا، پہلی بار قبائلی اضلاع کے لئے 163 ارب روپے مختص کیے گئے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کے لیے تعلیم کی مد میں 21 ارب روپے، صحت 10 ارب سے زائد اور شاہراہوں کی تعمیر کیلئے 22 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد اور صاف پانی کیلئے 10 ارب سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے۔
بجٹ میں پشاور کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 7 ارب سے زائد، سوات 3 ارب، نوشہرہ کے لیے بھی 3 ارب روپے، صوابی 2 ارب اور مردان کیلئے ایک ارب 94 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے لیے 83 ارب روپے سے زائد مختص کیے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں آئندہ مالی سال کے دوران اخراجات میں کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، گريڈ 1 سے 16 کی تنخواہوں اور پنشن ميں 10 فيصد اضافہ متوقع ہے جبکہ گریڈ 17 سے 19 کے ملازمين کو 5 فيصد اضافہ اور صوبائی وزراء کی تنخواہوں ميں بھی 10 فيصد کمی کا امکان ہے۔