لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں آج شدید گرمی اور حبس کے باعث درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے شام کو بارش کی پیش گوئی کر دی۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا میں آج شام سے اتوار تک بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے. پی ڈی ایم اے نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر کا الرٹ جاری کر دیا.
لاہور میں آج سورج خوب آگ برسا رہا ہے جس کے باعث شہر میں پارہ 40 تک پہنچ گیا۔ موسم گرم ہونے کے ساتھ ساتھ مرطوب فضا کے سبب حبس کی کیفیت بھی چھائی ہوئی ہے جس نے شہریوں کو دہری مشکل کا شکار بنایا ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور اس کے گردونواح میں شدید گرمی اور حبس کی کیفیت ہے تاہم گرمی بڑھنے کے سبب درجہ حرارت 43 تک جانے کا امکان ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خوش خبری سناتے ہوئے شام کے اوقات میں بارش کی پیشگوئی بھی کر رکھی ہے جس سے شدید گرمی کی کیفیت سے نجات ملنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں آج شام سے اتوار تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، پشاور، ہزارہ، کوہاٹ اور مالاکنڈ میں بارشوں کے سبب پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔