اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے نندی پور ریفرنس میں سابق وزیر قانون بابر اعوان اور جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی بریت کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ نیب نے موقف اختیار کیا ہے کہ دونوں افراد کی بربریت سے ٹرائل متاثر ہوگا، فیصلہ جلد بازی میں سنایا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے نندی پور منصوبے میں تاخیر سے متعلق رپورٹ اور ملزمان پر عائد فرد جرم کو اپیل کا حصہ بنایا ہے۔ نیب نے موقف اختیار کیا ہے کہ نندی پور منصوبے میں تاخیر سے قومی خزانے کو 27.3 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ احتساب عدالت نے بابر اعوان کی بریت کا فیصلہ جلدی میں سنایا، عدالت عالیہ اسے کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سابق وزیر قانون بابر اعوان اور جسٹس ریاض کیانی کو نندی پور ریفرنس میں 25 جون کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا جبکہ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سمیت باقی تین ملزمان کی درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں۔