اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں آٸین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے اصول سے نہیں ہٹا سکتی۔
5 جولائی سے متعلق پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ دن تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، پانچ جولائی نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا، پانچ جولائی کو جمہوریت پر شب خون مار کر فرقہ واریت، کلاشنکوف کلچر، ہیروئن کی لعنت فروغ دیا گیا۔
سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ عدم برداشت اور انتہا پسندی کو جنم دینے والی سوچ کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ غیر جمہوری عناصر کے پاس صرف الزام تراشی کا ہتھیار ہوتا ہے تاکہ جمہوری سوچ کو دبایا جائے۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہہ کچھ عناصر اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں، اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کو خودمختاری ملی ہے۔ اس ترمیم کو ختم کرنے والوں کیخلاف مزاحمت کریں گے۔