لاہور: (روزنامہ دنیا) نوازشریف کے خلاف لگژری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال اور توشہ خانہ کیس میں نیب راولپنڈی کی تحقیقاتی ٹیم سابق وزیراعظم کا بیان ریکارڈ کر کے واپس چلی گئی، ٹیم نے نوازشریف کو سوالنامہ بھی فراہم کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے مختلف سوالات کیے، نیب نے سوال اٹھایا کہ بلٹ پروف گاڑیوں کی خریدار ی کی ضرورت کیا تھی۔ نوازشریف نے جواب دیا کہ میرا گاڑیوں کی خریداری سے کیا تعلق،جنہوں نے خریدی ان سے پوچھا جائے، نوازشریف نے کاز کہ آپ کیا غیر ضروری کیسز کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، کیا یہ کوئی کیس ہے۔ جتنے مرضی کیسز لے آئیں، کسی میں سے کچھ بھی نہیں نکلنا.
نیب ٹیم نے اگلا سوا ل اٹھایا کہ تحفے میں ملی گاڑی آپ کے زیرا ستعمال رہی ؟نوازشریف کا کہنا تھا کہ جو میرا حق بنتا تھا وہی گاڑی فراہم کی گئی تھی۔ ٹیم نے پوچھا کہ تحفے میں ملی گاڑی صدر اور وزیراعظم نہیں رکھ سکتے، جس پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی گاڑی غیر قانونی طورپر استعمال نہیں کی۔