رہبر کمیٹی کا کوئی مستقل چیئرمین نہیں‌ ہو گا، اپوزیشن اتحاد کا فیصلہ

Last Updated On 05 July,2019 01:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت مخالف تحریک کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس ہوا جس میں‌ فیصلہ کیا گیا کہ رہبر کمیٹی کا کوئی مستقل چیئرمین منتخب نہیں‌ ہو گا. ہراجلاس کی صدارت الگ الگ جماعتوں کے اراکین سے کرائی جائے گی. نمازجمعہ کے بعد سیشن میں صادق سنجرانی کو ہٹانے اور نئے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے لئے تجاویز پیش کردی گئیں۔

 

اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں کمیٹی کا مستقل چیئرمین نہ منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے چیئرمین سینیٹ کےنام پر مشاورت بھی کی گئی، ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رہبرکمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت جے یو آئی ف کے اکرم درانی نے کی جبکہ تمام گیارہ ارکان شریک ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ رہبر کمیٹی کا کوئی مستقل چیئرمین نہیں ہوگا، باری باری تمام ارکان سے اجلاس کی صدارت کرائی جائے گی۔

جمعے کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو چیئرمین سینیٹ کے لئے تین آپشنز زیر غور آئے، پہلے آپشن کے تحت نئے چیئرمین سینیٹ کا امیدوار سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کا ہونا چاہئے، دوسری تجویز میں کہا گیا کہ چیئرمین سینیٹ کے لئے دو بڑی جماعتوں کے تجویز کردہ شخص کو متفقہ امیدوار نامزد کیا جائے جبکہ تیسری یہ تجویز سامنے آئی کہ تمام اپوزیشن جماعتیں ملکر ایسا امیدوار لائیں جس پر کسی کو اعتراض نہ ہو۔ ان تجاویز پر حتمی فیصلے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔