سپریم کورٹ: ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ روک دی گئی

Last Updated On 05 July,2019 12:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ روک دی۔ شاہ زین بگٹی نے اپنی بحالی کا نوٹیفکیشن بحال کرنے کی استدعا کر دی۔

شاہ زین بگٹی کی این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ روکنے کی درخواست پر جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن معاملات 3 ممبر بینچ ہی سن سکتا ہے، درخواست گزار نے تو انتخابات پر بہت الزامات لگائے ہیں، کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ری پولنگ ہو سکتی ہے؟۔

مخالف فریق طارق کھیتران کے وکیل نے بتایا کہ 29 پولنگ اسٹیشنز پر آئندہ ہفتے پولنگ ہونی ہے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں درخواست غیر موثر ہو جائے ؟ شاہ زین بگٹی کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کرے، بحالی نہ ہوئی تو حلقہ نمائندگی کے بغیر رہ جائے گا، ان کے موکل کی 12 سو 21 ووٹوں کی لیڈ ہے، مخالف فریقی کی بات مان بھی لی جائے تو بھی 100 ووٹوں کی لیڈ رہ جاتی ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائے گا، گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد کیس کی سماعت کا فیصلہ کردیں گے۔