لاہور: (محمداشفاق، فہد شہباز ) ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کرائے بغیر ہی نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
نیب قوانین کے مطابق شواہد کی مو جو دگی پر کسی بھی شخص کو گرفتار کیا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی آج نیب لاہور میں پیشی کے موقع پر گرفتاری کا امکان ہے۔ تاہم حتمی منظوری چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال دیں گے۔ ایسی صورت میں وارنٹ گرفتاری اسلام آباد سے بذریعہ فیکس متعلقہ حکام کو فوری طور پر لاہوربھجوا دئیے جائیں گے۔ اگر اپوزیشن لیڈر کو آج گرفتار کر لیا گیا تو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی ضابطے کے مطابق فوری طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔
آج کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے بھی بھرپور انتظامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقع سے بچا جاسکے۔ نیب لاہور نے آج اس اہم پیشی کے موقع پر دیگر تمام کیسیز کو اگلے ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق، شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر ان سے انکی اہلیہ کے گھر خریدنے کے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایک سابق ملازم مشتاق چینی پہلے ہی وعدہ معاف گواہ بن چکا ہے۔