رینٹل پاور منصوبوں میں مبینہ کرپشن، راجا پرویز اشرف پر فرد جرم عائد

Last Updated On 01 July,2019 02:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے ریشماں اور گلف رینٹل پاور کرپشن کیسز میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔

ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے نیب سے شہادتیں طلب کر لیں۔ غیر قانونی ٹھیکوں کے کیس میں نیب نے پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف بھی ریفرنس دائر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق رینٹل پاور منصوبوں میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کے الزام میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم تمام ملزمان کا صحت جرم سے انکار کر دیا ہے۔ تین کروڑ روپے کے کرپشن الزامات پر سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سمیت ملزمان کو رینٹل پاور کرپشن کیسز کی چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی۔ راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش نہیں ہوئے لیکن اپنے نمائندے کے ذریعے جرم ماننے سے انکار کر دیا۔

عدالت نے نیب کو سات اگست کو گواہان پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ راجا پرویز اشرف پر ریشماں رینٹل پاور پراجیکٹ میں 38 کروڑ جبکہ گلف رینٹل پاور پراجیکٹ میں 49 کروڑ روپے کی خورد برد کا الزام ہے۔

دوسری جانب نیب نے لوک ورثہ میں غیر قانونی ٹھیکہ حاصل کرنے پر سینیٹر روبینہ خالد اور سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ مظہرالاسلام سمیت تین ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا۔

روبینہ خالد پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کمپنی کے لیے خلاف قواعد ٹھیکے لے کر قومی خزانے کو تین کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔