ہرلاپتا فردکی گمشدگی کا تعلق ریاست سےنہیں جوڑا جاسکتا:ترجمان پاک فوج

Last Updated On 05 July,2019 08:34 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہر لاپتا فرد کی گمشدگی کا تعلق ریاست سے نہیں جوڑا جا سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی سربراہ آمنہ جنجوعہ نے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی۔ آمنہ مسعود نے ریاست اور سیکیورٹی فورسز کی حمایت اور سپورٹ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہر لاپتا فرد کی گمشدگی کا تعلق ریاست سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ ہمارے دل لاپتا افراد کے خاندانوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ ریاست کے پاس موجود لوگ ایک قانونی طریقہ کار کے تحت رکھے جاتے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مسئلہ کے حل کے لیے جوڈیشل کمیشن کے ساتھ مل کر دن رات کام کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر جی ایچ کیو میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا سامنا کیا۔ ہم ایک جنگ کی صورتحال سے باہر نکلے ہیں۔ بہت سے افراد تحریک طالبان پاکستان کا حصہ بن کر افغانستان میں موجود ہیں جبکہ بہت سے افراد ریاست کے ساتھ لڑتے ہوئے ہلاک ہو چکے ہیں۔ کچھ لوگ مختلف شورش زدہ علاقوں میں جا کر ہلاک ہوئے، لاپتا افراد کی فہرست تیار کرتے ہوئے ان افراد کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔

 

اس موقع پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے لاپتا افراد کے مسئلہ کو منطقی انجام تک پہنچانے میں ریاست پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اپیل کی کہ متاثرہ خاندان کسی بھی ریاست دشمن طاقت کے آلہ کار نہ بنیں۔