اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف نیب افسران کودھمکیاں دے کر گئے کہ تمھیں چھوڑوں گا نہیں، آنے والے دنوں میں شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید ثبوت لائیں گے۔ چند روز پہلے ایک ویڈیو کی بھی دھمکی دی گئی ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
شہزاد اکبر کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ چھانگا مانگا کی سیاست نے اداروں کو تباہ کردیا، عوام نے 30 سالہ نظام کو بدلنے کا تہیہ کیا ہے، ماضی کی غلطیوں کو درست کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا، ماضی میں ایک دوسرے کو جیلوں میں ڈالنے والے آج ایک ہیں، موجودہ حالات میں بھی ان کی کارستانیاں شامل ہیں۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اداروں کو بااختیار بنایا ہے، اب بلڈنگز میں آگ لگتی ہے نہ ریکارڈ ضائع ہوتا ہے۔ چند روز پہلے ایک ویڈیو کی دھمکی دی گئی جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ ویڈیو جعلسازی میں سزا پانے والے شخص نے پیش کی۔ بہتر ہے سپریم کورٹ اس کے پیچھے چھپے محرکات دیکھے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف مزید ثبوت لائیں گے کہ کیسےمنی لانڈرنگ کی گئی، آنے والے دنوں میں ان کی بڑی بڑی چوریاں منظر عام پر لائیں گے۔