وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا، وائٹ ہاؤس نے تصدیق کر دی

Last Updated On 10 July,2019 11:16 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری تصدیقی بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

ریاست ہائے متحدہ امریکا کے صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کرینگے۔

یہ بھی پڑھیں: دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے میں قیام امن، استحکام اور معاشی خوشحالی لانے کے لیے تعاون بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے دورے میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کا مقصد دو طرفہ تعلقات کا فروغ اور پرامن ساؤتھ ایشیا کا قیام ہے۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ امریکا سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔ مورگن اورٹیز نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ علم نہیں کہ وزیراعظم عمران خان اس ماہ امریکا کا دورہ کر رہے ہیں، اس کی وائٹ ہاؤس ہی تصدیق کر سکتا ہے، ہمیں کوئی اطلاع نہیں ملی، وائٹ ہاؤس سے رابطے کے بعد آگاہ کروں گی۔ ترجمان نے کہا عمران خان کے دورے کا سنا ضرور ہے لیکن سرکاری طور پر نہیں بتایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی وزارت خارجہ کا وزیراعظم عمران خان کے دورے سے لاعلمی کا اظہار

ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی گئی تھی۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے دورے سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، پاکستان امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، طریقہ کار کے تحت مناسب وقت پر دورے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی تصدیق کے بعد دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان صدر ٹرمپ کی دعوت پر 21 جولائی سے امریکا کا 2 روزہ دورہ کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اپنے منصب سنبھالنے کے بعد سربراہوں کی سطح پر یہ پہلی ملاقات ہوگی۔

وزیراعظم اور صدر ٹرمپ کے درمیان 22 جولائی کو وائٹ ہائوس میں ملاقات ہوگی۔ اس ملاقات میں باہمی اور علاقائی امور پر بات ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کانگریس کے اہم ارکان، سرمایہ داروں اور رائے عامہ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیراعظم واشنگٹن میں قیام کے دوران نیا پاکستان کے حوالے سے اپنی سوچ پیش کریں گے۔ وزیراعظم ملاقاتوں میں امریکا سے کثیر الجہتی تعلقات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

وزیراعظم عمران خان علاقائی امن اور استحکام، افغانستان میں امن کے حوالے سے پاکستانی عزم کو دہرائیں گے۔ وزیراعظم اپنے قیام کے دوران ہمسائیوں سے پرامن تعلقات کی پالیسی پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ وزیراعظم تنازعات کو پرامن بات چیت کے ذریعہ سے حل کرنے اور ترقی کے حوالے سے اپنی سوچ بھی پیش کریں گے۔

 

Advertisement