اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ کے شاہی محل کینگسٹن پیلس میں برطانوی شہزادہ چارلس سے ملاقات کی ہے۔ شہزادہ چارلس نے وزیر اعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شہزادہ چارلس سے ملاقات میں کہنا تھا ہم شہزادہ ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے دورہ پاکستان پر آمد کے منتظر ہیں۔ شہزادہ چارلس نے کہا ان کی دورہ پاکستان کی یادیں ابھی تک تازہ ہیں اور وہ دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہاں ہیں۔
مزید برآں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں پریس کانفرنس اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اظہارِ رائے کی مکمل آزادی ہے سنسر شپ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان میں سوشل میڈیا جتنا متحرک ہے آپ کچھ چھپا ہی نہیں سکتے، پارلیمنٹ میں بھی اپوزیشن اپنا نکتہ نظرکھل کر بیان کرتی ہے، آزادی صحافت کا قائل ہوں اوررہوں گا ہم میں تنقید سننے کا حوصلہ ہے۔
انہوں نے کہا ملک دشمنوں کی پاکستان مخالف ذہنیت اور بیانیہ کو شکست دینے کیلئے اوورسیزپاکستانی اتحاد کا مظاہرہ کریں، اقتصادی ترقی، تجارت اور سیاحت کے فروغ کیلئے روابط کا فروغ ناگزیر ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں پر کشش حکومتی مراعات سے فائدہ اٹھائیں، میں نے دولت مشترکہ سے کہا ہے پاکستانیوں کو قانونی طریقے سے اپنے ممالک میں آنے کی سہولیات دیں۔