لاہور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اور پنجاب میں دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی اور آزاد کشمیر میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ کشمیر میں بھی بعض مقامات پر لینڈسلائیڈنگ ہوسکتی ہے، اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
دریائے کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد چورانوے ہزار کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد دو لاکھ بیاسی ہزارکیوسک ریکارڈ کی گئی۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ستاسی ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی، وہاں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے نالہ پلکو، نالہ ایک اور نالہ ڈیک میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ادھر پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لاہور میں وقفے وقفے سے ہونیوالی بارش سے سڑکوں اور انڈر پاسز پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوئے۔ واسا کا عملہ پانی نکالنے کیلئے نہ پہنچ سکا۔
آسمان سے برستی بوندوں کے بعد لیسکو کا سسٹم بھی بیٹھ گیا، کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں۔ ادھر چنیوٹ میں بارش کے باعث ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھل گیا، شہر کی گلیوں اور محلوں میں پانی جمع ہے۔ ڈی سی آفس، ڈی پی او آفس ضلع کچہری تھانہ صدر سمیت کئی علاقے مکمل طور پر ڈوبے ہوئے ہیں۔