لاہور: (روزنامہ دنیا) محکمہ موسمیات نے آج سے ایک ہفتہ تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سے ملک کے بالائی علاقوں، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملک کے وسطی علاقوں ڈی جی خان، ڈی آئی خان، ملتان، ساہیوال، ژوب ڈویژن اور بلوچستان بھر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل کو لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودہا، فیصل آباد ڈویژن کشمیر میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہوئی جبکہ گوجرانوالہ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔