کراچی میں موسم زبردست، بادلوں کا گشت، مختلف علاقوں میں بوندا باندی

Last Updated On 05 July,2019 11:59 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے کئی مقامات پر بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، آج زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، لاہور میں رم جھم جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، لیاری کورنگی، لانڈھی، ملیر، اورنگی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع مکمل طور پر ابر آلود ہے، مجموعی طور پر 2.1 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش ہوئی تو شہری بھی خوش ہو گئے۔

کے الیکٹرک نے بھی پھرتی دکھائی اور کھارادر، لیاقت آباد، ملیر، شاہ فیصل کالونی، الفلاح سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ ترجمان کے الیکٹرک نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، تاہم جلد بحال کر دی جائے گی۔