ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں بارش سے چھتیں اور دیوار گرنے سے 4 بچے جاں بحق جبکہ 4 خواتین سمیت 15 زخمی ہوگئے، موسلادھار ش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
گیارہ نمبر چونگی کے قریب مکان کی چھت منہدم ہوگئی، ملبے تلے دب کر 2 معصوم بچے لقمہ اجل بن گئے۔ حادثے میں 4 خواتین بھی زخمی ہوئیں جنہیں طبی امداد کیلئے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سورج کنڈ روڈ پر بھی گھر کی دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔
قصبہ مڑل میں بارش سے مدرسے کی چھت گرنے سے 8 بچے زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا، نشتر ہسپتال میں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب تیز بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کا نکاس نہ ہوسکا۔ سڑکوں پر 2 فٹ تک پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔