لاہور: (دنیا نیوز) موسم پھر بدل گیا، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی اڑن چھو ہو گئی، محکمہ موسمیات نے آج بھی بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی۔
قدرت پھر ہوئی مہربان، مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ باغوں کے شہر لاہور میں بارش کے بعد سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں، ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو اور حسین بنا دیا۔ گرمی کی شدت بھی مزید کم ہو گئی، شہر میں آج مزید رم جھم کا امکان ہے۔
گوجرانوالہ، بورےوالا، دیپالپور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ دوسری طرف پاک ایران سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، تفتان میں سیلابی ریلے سے دو طرفہ تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔
ادھر موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے، آج بھی راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، سرگودھا، پشاور، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے تاہم سندھ کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔