لاہور، راولپنڈی: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی طوفان کے بعد موسلا دھار بارش سے مختلف مقامات پر درخت، سائن بورڈ اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جبکہ لاہور، سرگودھا سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم ٹھنڈا ہو گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق راول جھیل کے قریب ایک شخص پر درخت گر گیا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔ جس کی نعش پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دی گئی تاہم ابھی تک جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہو سکی اُدھر آبپارہ بازار میں درخت گاڑی پر گر گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ جی سکس سیکٹر میں درخت کی زد میں آ کر ایک خاتون کو معمولی زخم آئے۔
دوسری طرف بارش کے باعث متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور 300 فیڈر ٹرپ کرنے سے آدھے سے زیادہ شہرتاریکی میں ڈوب گیا۔ آئیسکو حکام کے مطابق بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔
دریں اثناء لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ایبٹ روڈ، مال روڈ، راوی روڈ، بھائی ، گڑھی شاہو، کینٹ میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
دریں اثناء سرگودھا ،چشتیاں، بھکر، تونسہ شریف، شور کوٹ میں بارش سے موسم ٹھنڈا ہو گیا جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان، کشمیر میں بعض مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔