پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، چھت گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق

Last Updated On 17 April,2019 12:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مکانات کی چھت گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوگئے، طوفانی بارش سے سڑکیں، گلیاں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ کئی شہروں میں گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔

اوکاڑہ کے علاقے حویلی لکھاں کے محلہ اسلام نگر میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے 3 بچیاں جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین اور 2 بچے زخمی ہوئے۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس سے ایک بچہ جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

رات سے جاری بارش کے باعث لاہور میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں اور انڈر پاسز پر پانی کھڑا ہوگیا۔ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بھی متاثر رہا، بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات بھر بادل برستے رہے، منڈی بہاءالدین میں تیز بارش سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا، جھنگ میں بھی بارش سے کاروبار زندگی متاثر ہو گیا۔ قصور، ظفروال، پتوکی، شور کوٹ، چینوٹ، ہارون آباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری سے گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو خبر دار کیا ہے وہ آندھی، بارش اور ژالہ باری کے پیشِ نظر اپنی فصلوں کی حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔