بلوچستان میں طوفانی بارشوں کا نیا سسٹم کل سے داخل ہوگا

Last Updated On 22 April,2019 09:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) منگل سے جمعرات تک صوبے میں شدید بارشیں اور مٹی کے طوفان آنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نئے سسٹم سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے ساتھ گردوغبار اور مٹی کے طوفان کا امکان ہے جس کے بعد پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے شمالی، مغربی اور وسطی اضلاع میں منگل سے جمعرات تک موسمیاتی لہر کے تحت بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا۔

اس سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، قلات، ژوب، نصیر آباد اور سبی ڈویژن کے مختلف اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ چند مقامات پر مٹی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔