پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

Last Updated On 02 May,2019 12:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کر دی۔

لاہور میں بھی رم جھم نے موسم خوشگوار بنا دیا، گرد آلود ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت کم ہوگئی، کچھ دیگر شہروں بھی ابر کرم برسا جس سےگرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہونے سے کراچی میں آج بھی سورج آگ برساتا رہے گا۔ پارہ پھر 40 سے اوپر جائے گا، باسیوں کو آج بھی شدید گرم موسم جھیلنا پڑے گا۔ سندھ اور جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی گرمی زوروں پر رہے گی۔

مٹھی، میر پور خاص، بڈعیدن میں درجہ حرارت 45 تک جانے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش ہوگی۔