بالاکوٹ: (دنیا نیوز) بالا کوٹ میں شدید بارش سے 10 دکانیں اور ہوٹل تباہ ہوگئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ملک کے بالائی علاقوں میں طوفانی بارش سے نقصات ہوئے، بالا کوٹ میں 10 دکانیں اور ہوٹل تباہ ہوگئے، پلدراں کے مقام پر لاکھوں کی املاک تباہ ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر لاہور میں بادل برسنے کے بعد دھوپ نکل آئی، گرمی بھی پہلے کی نسبت کم ہوگئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ آندھی سے درخت اور سائن بورڈ گرگئے۔ سرگودھا، چشتیاں سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں بھی موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
بھکر میں آندھی اور بارش سے گندم اور چنے کی فصل کو نقصان پہنچا۔ کراچی میں آج درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ سندھ کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہیگا، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان، کشمیر اور اس کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔