کوئٹہ: (دنیا نیوز) وادی کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کان مہترزئی میں ہلکی برفباری بھی ہوئی۔
وادی کوئٹہ میں موسم ابر الود رہا جس کے بعد دوپہر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر کے نواحی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سریاب میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ بارش کے بعد درخت پودے سب دھل گئے جبکہ بادلوں نے آسمان کو گھیرے رکھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں بادل گرج چمک کے ساتھ برسیں گے۔ دوسری جانب بارش کا پانی شہر کے نشیبی علاقوں میں گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ نکاس آب کا نظام بہتر نہ ہونے کی وجہ سے نالیوں کا گندا پانی سڑکوں پر نکل آنے سے روزے داروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے متعدد اضلاع میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کوئٹہ میں بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لسبیلہ 23، کوئٹہ 8، قلات 6، ژوب 5 اور خضدار میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ ژوب، قلات اور مکران ڈویژن میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔
صوبائی وِزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے حالیہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ تمام علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔