لاہور سمیت کئی شہروں سے بارش سے موسم خوشگوار

Last Updated On 24 May,2019 10:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، مری اور ایبٹ آباد سمیت کئی شہروں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ لوئر دیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔ موسلا دھار بارش سے روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے۔

 

لاہور میں تیز آندھی کے بعد سرمئی بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ کہیں موسلا دھار اور کہیں ہلکی بارش نے موسم بھی ٹھنڈا ٹھار کر دیا۔ گرمی کا زور کم ہونے پر روزہ دار کھل اٹھے۔

مری میں بھی آسمان سے چھم چھم پانی برسا۔ ملکہ کوہسار کا حسن مزید نکھر گیا۔ پشاور، گلیات اور ایبٹ آباد میں مینہ برسا۔ بعض مقامات پر تیز بارش شہریوں کیلئے زحمت بھی ثابت ہوئی۔

لاہور میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، کالا باغ، جوہر آباد، چنیوٹ میں بھی آندھی اور بارش کے باعث 40 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

لوئر دیر کے نواحی گاؤں دوآب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ تین جھلس گئے۔ لوئر دیر میں ژالہ باری سے فصلیں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا۔

ایبٹ آباد کے علاقے جھنگی میں بارش کے پانی میں ڈوب کر 13 سالہ ڈوب گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، کوہاٹ اور گوجرانوالہ ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔