ممبئی: شدید بارشوں اور زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے 30 افراد ہلاک

Last Updated On 03 July,2019 11:54 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے شہر ممبئی میں شدید بارشوں اور زیر تعمیرعمارت کی دیوار گرنے سے 30 افراد ہلاک ہو گئے۔

محکمہ موسیمات کے مطابق ممبئی میں 374 ملی میڑز بارش ریکارڈ کی گئی، برساتی نالوں میں طغیانی آگئی۔ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور دیوار کا ملبہ ہٹا کر ہلا ک ہونے والوں کی لاشیں نکال لی ہیں۔ اس واقعہ میں 21 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر واقعات میں 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ممبئی میں 374 ملی میٹر کی بارش ریکارڈ کی گئی، تیز بارشوں سے ساحلی علاقوں کے لوگوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ سکول ،کالج اور سرکاری دفاتر بند رہے۔

دوسری طرف ممبئی ائر پورٹ سے متعدد پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا گیا، ریلوے کا نظام بھی متاثر ہوا اور ریلوے کی پٹریوں پر جگہ جگہ پانی بھرنے سے ریل گاڑیوں کی آمدورفت کم رہی۔ شدید بارشوں کے باعث زیادہ تر لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ ممبئی میں 2005 میں شدید بارشوں سے بڑی تباہی ہوئی تھی اور 500 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔