محکمہ موسمیات کی ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی

Last Updated On 23 June,2019 09:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے لاہور، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان میں بارش کی نوید سنا دی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ شہر قائد میں گرمی سے پریشان شہریوں نے نماز استسقا ادا کی اور بارگاہ الہیٰ میں بارش کیلئے دعا کی۔

تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے بعد موسم پھر بدلے گا، موسم کا حال بتانے والوں نے ملک کے اکثر علاقوں میں بارش کی جھڑی لگنے کی خوشخبری سنا دی۔

پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بادل برسیں گے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، قلات، مکران، شہید بینظیر آباد ڈویژن اور کشمیر میں بھی ابر کرم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں شدید گرمی نے شہریوں کو نڈھال کر دیا۔ شہر قائد کے باسیوں نے بارش کیلئے اللہ تعالیٰ سے رجوع کر لیا۔ ڈیفنس کے نثار شہید پارک کے قریب واقع مسجد میں نماز استسقا ادا کی گئی۔ نماز استسقا میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بارگاہ الہیٰ میں بارش کیلئے دعا کی۔