اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے لیگی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان زلزلہ متاثرین کیلئے دی گئی امداد کی رقم بھی کھا گیا۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ کرپشن کے ثبوتوں کی بنیاد پر ہی نواز شریف جیل میں ہیں، کوئی جواز نہیں کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو سیاسی پناہ دی جائے۔ شریف خاندان زلزلہ متاثرین کیلئے دی گئی امداد کی رقم بھی کھا گیا۔
شیریں مزاری نے برطانوی اخبار کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لٹیروں نے صرف قوم کے پیسے اور وسائل ہی نہیں لوٹے، یہ شرمناک ہے کہ امداد کیلئے دی گئی رقم تک چوری کر لی گئی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ کون لوگ ہیں جو خیرات کا پیسہ کھاتے ہیں؟ اپنی چوری کو جمہوریت کا نام دے کر ابو بچاؤ مہم چلاتے ہیں، یہ پیسہ خود بھی کھاتے ہیں اور اپنی اولادوں کو بھی کھلاتے ہیں۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ برطانوی اخبار کوئی خبر تین بار تصدیق کئے بٖغیر شائع نہیں کرتا، شریف خاندان کبھی ڈیلی میل پر مقدمہ نہیں کرے گا، انہیں ڈر ہے مقدمہ کیا تو ہارنے لاکھوں پاؤنڈ دینے پڑ سکتے ہیں۔